لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تعداد میں حیران کن طور پر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، برطانیہ میں بھی اس بیماری نے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اس مہلک وباء کا مقابلہ کر رہے ہیں، جبکہ برطانوی شہزادہ چارلس بیماری کو شکست دے چکے ہیں تاہم برطانیہ سے ایک اور حوصلہ افزا خبر آئی ہے جہاں 99 سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اگرچہ کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد فوت ہونے والوں کی اکثریت بیمار اور عمر رسیدہ افراد ہیں مگر برطانیہ کی ایک 99 سالہ خاتون نے اس بیماری کو شکست دے دی ہے۔ خاتون ہسپتال میں 3 ہفتوں سے زیادہ عرصہ گزارنے کے بعد کوونا وائرس سے صحت یاب ہو گئی ہے جس کے بعد اسے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ برطانیہ میں وہ پہلی عمر رسیدہ مریضہ ہیں جو کورونا کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوئی ہیں۔
برطانوی اخبارات نے برطانوی خاتون کیری پولک کی تصویر شائع کی ہے خاتون نے "کوویڈ 19" وبا کا شکار ہونے کے بعد ڈاکٹروں کی طرف سے چوبیس گھنٹے اپنی دیکھ بحال پر ڈکٹروں اور طبی عملے کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹروں کی محنت اور توجہ سے ایک بار پھر تندرست ہو گئی ہوں۔ میں علاج میں مصروف طبی عملے کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی سے اچھی خبر، 6 ماہ کی بچی اور 102 سالہ خاتون نے کورونا کو شکست دیدی
پولک چند ہفتے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھیں۔ انہیں گزشتہ ماہ کے اوائل میں انگلینڈ کے ہیمپشائر کے کوئین الیگزینڈرا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ آغاز میں وہ کھانسی اور بخار سے بے ہوش ہو جاتیں۔ ڈاکٹروں نے اس کا طبی معائنہ کیا تو پتا چلا کہ وہ کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اٹلی کے علاقے لمبارڈی کی رہائشی 6 ماہ کی لیونارڈو 50 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد بالآخر کورونا وائرس کو شکست دے کر گھر لوٹ آئی۔
مقامی میئر نے ننھی بچی کو امید کی کرن قرار دیا ہے اور اس کی صحتیابی پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خوش ہونے اور مسکرانے کی ایک وجہ ملی ہے۔
انہوں نے بچی اور اس کے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمت نہ ہارنے کے لیے آپ کا شکریہ، آج آپ کی وجہ سے شہر کے تمام مرجھائے ہوئے چہروں پر بہار آگئی ہے۔
بچی کی ماں کا کہنا ہے کہ وہ بچی کے لیے بہت پریشان تھیں، میری دعا ہے کہ ایسا وقت کسی اور ماں پر نہ گزرے۔
دوسری جانب 102 سالہ خاتون اٹالیکا گروڈونا شمالی اٹلی کی رہائشی ہیں، انہوں نے 20 دن ہسپتال میں گزارے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا نے اٹالیکا کے حوصلے کے سامنے ہار مان لی۔