ہنوئی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں اس مہلک وباء کے باعث ایک لاکھ سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اس بیماری کے باعث دنیا بھر میں معاشی سرگرمیاں رک سی گئی ہیں، اور متعدد ممالک معاشی پیکیج دے رہے ہیں، ویتنام میں ایسے ہی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے چاول کی اے ٹی ایم مشینیں لگائی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ویتنام میں کورونا وائرس کے اب تک صرف 265 کیسز سامنے آئے ہیں، ان میں سے 167 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ویتنام حکومت نے چھوٹے مارکیٹیں، کاروبار اور عوامی مقامات وغیرہ بند کر رکھے ہیں۔
تاہم لاک ڈاؤن کے باعث وہاں بھی غریب طبقہ کھانے پینے کی اشیاء کے لیے پریشان ہے اسی لیے وہاں مخیر افراد نے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں جگہ جگہ چاول کی اے ٹی ایم مشینیں نصب کردی ہیں۔
ویتنام کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک چاول کی مشینوں سے بیگز بھرے جاسکتے ہیں جس کیلئے ضروری ہے کہ تمام افراد 6 فٹ کے فاصلے سے کھڑے ہوں اور ہاتھ ان کے سینیٹائزڈ ہوں۔
رپورٹس کے مطابق ہنوئی کے علاوہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی راشن کے لیے اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جا رہی ہیں۔