طوطے نے عادی مجرم گرفتار کروا دیا، پولیس کا ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان

Last Updated On 03 June,2020 06:22 pm

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جو حیران کر دیتی ہیں، ایسی ایک خبر برطانیہ سے آئی ہے جہاں پر ایک طوطے نے عادی مجرم اور مطلوم چور کو گرفتار کروا دیا جبکہ پولیس نے طوطے کو 500 پاؤنڈ (ایک لاکھ روپے) دینے کا اعلان کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’بی بی سی‘‘ کے مطابق 41 سالہ ایما ڈیزلے نامی خاتون کے پاس چارلی نامی طوطا ہے، جو انہوں نے بہت چھوٹا سا خریدا تھا اور اب وہ بڑا ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چند روز قبل پولیس کو مطلوب عادی چور ایما ڈیزلے کے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا، چور کو دیکھتے ہی چارلی نے شور مچانا شروع کر دیا۔

طوطے کے شور مچانے کی وجہ سے ایما کی آنکھ کھلی تو انہوں نے گھر کا جائزہ لیا۔ وہ جب اپنے دوسرے کمرے کی طرف گئیں تو فلیچر نامی چور کمرے کے اندر ہی موجود تھا۔

خاتون نے فوراً کمرے کا دروازہ بند کیا اور پولیس کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا۔ چند ہی منٹ میں پولیس کی نفری خاتون کے گھر پر پہنچی اور انہوں نے چور کو حراست میں لے لیا۔

رپورٹ کے مطابق فلیچر پولیس کو مطلوب تھا کیونکہ وہ اس سے قبل بھی چوری کی بہت سی وارداتیں کر چکا تھا۔ پولیس نے چور کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو پانچ سو پاؤنڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

پولیس نے یہ رقم خاتون کو دینے کی کوشش کی تو انہوں نے افسر کو بتایا کہ اس انعام کا اصل حق دار اُن کا طوطا چارلی ہے کیونکہ اگر وہ شور نہ مچاتا تو اُن کی آنکھ نہیں کھلتی۔ پولیس نے انعامی رقم مالکن کے ہاتھ میں دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ پیسے اپنے طوطے کو دے دیں۔