کورونا کا شکار جوڑے نے قرنطینہ وارڈ میں شادی کرلی

Published On 27 January,2021 11:52 am

لندن:(روزنامہ دنیا) برطانیہ میں شادی سے چند ماہ قبل کورونا سے متاثر ہونے والے جوڑے نے طبیعت بگڑنے پر قرنطینہ وارڈ میں ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنا دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلزبتھ کیر اور سمن او بریئن کو رواں برس جون میں شادی کرنا تھی تاہم دونوں ہی کورونا سے متاثر ہوگئے اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔دونوں کے پھیپھڑے بری طرح متاثر ہوئے تھے ۔اس دوران سمن او بریئن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی جس پر اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس سے قبل جوڑے نے آخری خواہش کے طور پر شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ 

ایک سادہ سی تقریب میں دونوں نے کیک کاٹا اور انگوٹھی پہنائی۔ اس موقع پر دونوں کے اہل خانہ بھی وارڈ کے باہر موجود تھے ،اب اہل خانہ اور طبی عملہ نوبیاہتا جوڑے کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہے ۔