رومانیہ میں سکیئر کی زندگی داؤ پر لگ گئی، ویڈیو وائرل

Published On 30 January,2021 09:18 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) رومانیہ میں سکیئر سکیٹنگ کرنے میں مصروف تھا کہ اچانک اسے پتا چلا کہ اس کے پیچھے ریچھ لگ گیا ہے جس کے بعد اس نے ریچھ سے بچنے کیلئے مختلف جتن کئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مذکورہ واقعہ رومانیہ کے شہر پریڈیل کے ایک ریزورٹ میں پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سکیئر ریچھ سے بچنے کیلئے ڈھلوان کی جانب جا رہا ہے اور اوپر چیئر لفٹ میں بیٹھے لوگ خوفزدہ ہوکر سارا منظر دیکھ رہے ہیں۔

چیئر لفٹ میں بیٹھے لوگ سکیئر کو تیز جانے کا کہہ رہے ہیں، انہوں نے سکیئر کو آگاہ کیا کہ ریچھ تمہارا پیچھا کر رہا ہے، تیز جاؤ، پیچھے مڑ کر مت دیکھو۔

ویڈیو پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ شکر ہے سکیئر نے اپنا توازن برقرار رکھا۔ پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس دن فون کر کے ریچھ کی اطلاع دی گئی ہے، ریچھ کو پکڑ کر جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔