کانگرس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا میچ فکس ہو چکا: اروند کیجریوال

Published On 14 Apr 2014 08:22 PM 

بھارتی میڈیا، سٹیبلشمنٹ اور سرمایہ دار مل کر انتہا پسند ہندو رہنماء نریندر مودی کے لئے وزارت عظمیٰ کا راستہ صاف کرنے لگے۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ کانگرس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا میچ فکس ہو چکا ہے۔

نئی دلی: (دنیا نیوز) ایک رپورٹ کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار انتہا پسند ہندو رہنماء نریندر مودی انتخابی مہم پر کھربوں روپے اڑا چکے ہیں۔ صرف اپنا امیج بہتر بنانے کیلئے مودی نے پانچ کھرب روپے خرچ کئے۔ بھارتی میڈیا میں ہر طرف نریندر مودی کے اشتہارات چلتے دکھائی دیتے ہیں۔ انتخابی مہم میں بی جے پی کہیں دکھائی نہیں دیتی، یوں لگتا ہے جیسے نریندر مودی پارٹی بھی خود ہیں اور امیدوار بھی خود۔ کانگرس اور عام آدمی پارٹی کے رہنماء کئی بار الزام لگا چکے ہیں کہ نریندر مودی انتخابی مہم میں کالا دھن لگا رہے ہیں۔ نوٹوں کی جھلک دیکھ کر بھارتی میڈیا بھی مودی کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے جبکہ بھارتی سرمایہ دار اور سٹیبلشمنٹ بھی انتہا پسند ہندو رہنماء کی حمایت کر رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجرویوال کا کہنا ہے کہ کانگرس اور بی جے پی کے درمیان میچ فکس ہو چکا ہے۔ کیجریوال کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی کرپشن کے خلاف تحقیقات نہیں چاہتیں۔ نریندر مودی نے سارا میڈیا خرید لیا ہے۔ بھارتی انتخابات میں جہاں ایک طرف نریندر مودی کی مہنگی ترین مہم کا چرچا ہے وہیں امرتسر کا ایک امیدوار سائیکل پر گھر گھر جا کر ووٹ مانگنے میں مصروف ہے۔ سماج وادی پارٹی کے مسلمان امیدوار محمد یوسف اپنے سیکورٹی اہلکاروں کو بھی اپنے ساتھ بٹھا کر انتخابی مہم چلاتے دکھائی دیتے ہیں۔