عدالت کے باہر چائے فروخت کرنیوالے کی بیٹی اسی عدالت کی جج لگ گئی

Published On 02 Jan 2016 06:19 PM 

عدالت کے باہر چائے فروخت کرنیوالے کی بیٹی 23 سالہ شروتی نے جج بن کر باپ کا سرفخر سے بلند کر دیا۔

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارت کے ضلع جالندھر میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ کمپلیکس کے باہر سرندر کمار ایک عرصے سے چائے فروخت کر رہے ہیں لیکن انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ جس عدالت کے باہر کھڑے رہ کر وہ چائے فروخت کرتے ہیں اسی عدالت کے اندر جا کر ان کی بیٹی جج کے فرائض انجام دے گی۔

23 سالہ شروتی نے پنجاب سول سروس کا امتحان پاس کر کے اکیڈمی میں ایک سال کی تربیت حاصل کی اور اب وہ لوگوں کو انصاف فراہم کر رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے ہی قانون کے پیشے سے منسلک ہونا چاہتی تھی اور دل میں جج بننے کی خواہش تھی جس کی تکمیل کیلئے دن رات محنت کی اور سول سروس کا امتحان پاس کر کے اپنے باپ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔