امریکا میں شدید برفانی طوفان آنے کا خطرہ، وارننگ جاری

Published On 22 Jan 2016 07:14 PM 

امریکی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مشرقی ریاستوں میں زبردست برفانی طوفان آنے کا خدشہ ہے۔

 واشنگٹن: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے اپنے وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خطرناک برفانی طوفان سے خبردار کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس ہفتے کے اختتام تک تیز ہواؤں کے ساتھ برفباری کی توقع ہے۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ، ورجینیا، فیلاڈیلفیا، نیو جرسی اور نیویارک میں شدید برف باری جبکہ امریکا کی جنوبی ریاستوں میں طوفان آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے دوران بجلی کی فراہمی، ٹرین اور فضائی سروس بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس پیشنگوئی کے بعد امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں میں دکانوں پر عوام کی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں جبکہ دکانوں پر اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی برفباری سے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں اس لئے شہری گھروں سے نکلنے سے احتیاط برتیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ برفانی طوفان سے ریکارڈ برف پڑنے کا امکان ہے۔ اس طوفان سے بعض علاقوں میں چند گھنٹے کے دوران تقریبا دو فٹ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ تیز ہوا کے ساتھ اڑنے والی برف سے خطرناک صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے جو زندگی اور جائیداد کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔