یاسین ملک کو چند روز قبل حراست میں لیا گیا تھا ، دل ، گردے سمیت متعدد عارضے لاحق ، ہاتھ بھی حرکت نہیں کر رہے
سری نگر (دنیا نیوز ) حریت رہنما یاسین ملک کو سری نگر میں میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کی رپورٹس اطمینان بخش نہیں ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کمزور کرنے کے لیے حریت رہنماؤں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھ کر ذہنی اذیتیں پہنچانے لگا ۔ یاسین ملک کو چند روز قبل غاصب بھارتی فورسز نے حراست میں لیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے ۔ یاسین ملک کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو انہیں سری نگر کے فلورنس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز کی حراست میں یاسین ملک کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے ۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان کے مطابق یاسین ملک کے میڈیکل چیک اپ کی رپورٹس اطمینان بخش نہیں جبکہ انہیں دل ، گردے سمیت کئی عارضے لاحق ہیں ۔ اس سے پہلے یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی حراستی مرکزمیں یاسین ملک کو ایک ٹانگ میں انفیکشن ہو گیا ہے جبکہ ان کے ہاتھ بھی حرکت نہیں کر رہے ۔