ہیلری کلنٹن ہار گئیں ، ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے45 ویں صدر منتخب

Published On 09 Nov 2016 10:33 AM 

ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار نے صدر بننے کیلئے مطلوبہ تعداد میں ووٹ حاصل کر لئے ، ہیلری کلنٹن کے حامیوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی

واشنگٹن (دنیا نیوز ) ری پبلیکن پارٹی کے امیداوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف سابق صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہیلری کلنٹن کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی ۔ دونوں امیدواروں کے درمیان انتخابی مہم روز اول سے ہی سنسنی خیز رہی اور دونوں نے ایک دوسرے کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ امریکہ کی ریاستوں میں ہونے والی پولنگ میں امیدواروں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے 276 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن کو 218 ووٹ مل سکے ، انتخابی نتائج کے بعد ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کر کے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ جیت کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر ایک ہو کر کام کریں ، میری کوشش ہو گی کہ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں ، انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر امریکن ڈریم کو ضرور پورا کریں گے ۔ ہیلری کلنٹن نے اپنے دور میں امریکہ کیلئے بہت اچھا کام کیا میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں ، ٹرمپ نے کہا کہ آج کا دن تمام امریکیوں کیلئے انتہائی اہمیت کا دن ہے میری سب سے درخواست ہے کہ وہ ملک کیلئے متحدہ ہوکر کام کریں تاکہ امریکہ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مضبوط اور تاریخی روایات کا تحفظ کریں گے اور امریکہ میں رہنے والے تمام لوگوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا ۔ ہم اس ملک کی ترقی کیلئے اس کی معاشی پیداوار کو دوگنا کرنے کی کوشش کریں گے اور تمام افراد خواہ وہ کسی بی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں ان کیلئے کام کیا جائے گا ۔ ٹرمپ نے کہا کہ میری مہم میں بھی ہر مذہب اور رنگ و نسل کے لوگ شامل تھے جنہوں نے میری مہم چلائی ۔