عراقی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند گروپ داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی اپنے جنگجوؤں کو تنہا چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
بغداد: (دنیا نیوز) عرب میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے موصل میں الاصلاح الزراعی کالونی کو داعش سے چھڑا لیا۔ یہ علاقہ دہشت گردوں کا تزویراتی مرکز تھا اور وہ اپنے جنگجوؤں کو یہاں مجتمع کر کے فوج کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کالونی پر عراقی فوج کے کنٹرول کے نتیجے میں داعش کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی جنگ میں پہلی جیسی شدت نہیں رہی۔ بچے کھچے جنگجو موصل چھوڑ کر فرار ہو رہے ہیں۔ عراقی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند گروپ داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی بھی اپنے جنگجوؤں کو تنہا چھوڑ کر فرار ہو گیا ہے۔


