جکارتہ: آتش گیر مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے،47 ہلاک، درجنوں زخمی

Published On 26 Oct 2017 07:36 PM 

آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دو دھماکوں کے بعد آگ کی لپیٹ میں آنے سے 47 افراد ہلاک اور درجنوں بری طرح جھلس گئے ہیں، ہلاک افراد کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے.

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے نواحی علاقے میں واقع آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے فیکٹری میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صبح 10 بجے ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد یکے بعد دیگرے کئی چھوٹے چھوٹے دھماکے سنائی دیئے، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔


مقامی میڈیا کے مطابق دھماکوں اور آگ لگنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں زیادہ تر افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ جکارتہ پولیس کے جنرل کرائم ڈائریکٹر کے مطابق فیکٹری میں لگنے والی آگ سے تقریباً 47 افراد ہلاک اور درجنوں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت زیادہ جھلس جانے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔