2017ء: ڈونلڈ ٹرمپ، شمالی کوریا اور روہنگیا مسلمان خبروں میں رہے

Published On 27 Dec 2017 06:30 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) دو ہزار سترہ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ اعلانات، شمالی کوریا جوہری تجربات اور روہنگیا مسلمان خبروں میں رہے۔ برطانیہ، امریکا اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔

 

بیس جنوری دو ہزار سترہ کو ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 45ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جس کے بعد دنیا بھر میں امریکی صدر کے خلاف مظاہروں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلم ممالک پر سفری پابندی، اوباما ہیلتھ کیئر کی منسوخی، پیرس معاہدہ کا اختتام، مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم جیسے متنازعہ اعلانات کیے۔

شمالی کوریا کی جانب سے متنازعہ جوہر ی تجربے اس سال خبروں میں رہے۔ مئی میں برطانوی شہر مانچسٹر میں کنسرٹ کے درمیان حملے میں بائیس افراد ہلاک اور ایک سو زخمی ہو گئے۔

بھارت اور چین کی فوج کے درمیان متنازع سرحد ڈوکلام پر جھڑپیں ہوئیں۔ میانمار میں بدھوں اور فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر تشدد کی نئی لہر دیکھنے میں آئی۔ ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کا قتل عام، کئی دیہات کو نذر آتش کیا جبکہ سات لاکھ روہنگیا مسلمان بنگلا دیش نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔

اکتوبر میں لاس ویگاس میں امریکی مسلح شخص نے فائرنگ کر کے انسٹھ لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ نومبر میں عراق اور ایران کی سرحد پر سات اعشاریہ تین شدت کے زلزلے سے پانچ سو تیس افراد جاں بحق اور ستر ہزار بے گھر ہوئے۔

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے فوج کی مداخلت کے بعد سینتیس سال بعد اپنے عہدے سےا ستعفیٰ دے دیا۔ یمن میں جاری لڑائی میں باغیوں نے سابق صدر علی عبداللہ صالح کو قتل کر دیا۔ نومبر میں مصر کی ایک مسجد میں دھماکے سے تین سو پانچ نمازی شہید ہو گئے۔