شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہاں دوسرے بیٹے کی ولادت

Last Updated On 23 April,2018 06:43 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کو ایک اور شہزادہ مل گیا، شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہاں دوسرے بیٹے کی ولادت ہو ئی ہے۔ کنگسٹن پیلس نے عوام کو خوشخبری سنا دی۔

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہاں بیٹے کی ولادت، کنگسٹن پیلس نے خوشخبری سنا دی۔ 36 سالہ کیٹ مڈلٹن کا ننھا مہمان لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں پیدا ہوا۔ کنگسٹن پیلس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں اور پیدائش کے وقت شہزادہ ولیم ان کے ساتھ موجود تھے۔کیٹ مڈلٹن 22 مارچ سے شاہی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہی ہیں۔ نئے شاہی مہمان کا تخت نشینی کے لیے پانچواں نمبر ہے۔ 

اس فہرست میں سرِفہرست شہزادہ چارلز ہیں، ان کے بعد شہزادہ ولیم، پھر شہزادہ جارج اور پھر شہزادی شارلٹ اس بچے سے پہلے تخت نشینی کے حقدار ہوں گے۔ ڈیوک اور ڈچز کے ہاں پہلے سے دو بچے ہیں جن میں سے بیٹا جارج اب چار برس کا ہے جبکہ بیٹی شارلٹ دو سال کی ہیں۔

متوقع پیدائش کا اعلان سونے کے فریم میں لگا کر بکنگھم پیلس کے احاطے میں رکھنے کی روایت کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ بچے کے نام کے حوالے سے کافی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان میں آرتھر، ایلبرٹ، فریڈرک، جیمز اور فلپ شامل ہیں۔