فرانسیسی صدر ایران ایٹمی معاہدہ بچانے کے لیے سرگرم

Last Updated On 25 April,2018 06:42 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر میکرون نے وائٹ ہاؤس میں امریکی ہم منصب سے ملاقات کی۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر میکرون ٹرمپ کو ایران ایٹمی معاہدے کی توثیق پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایران ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لیے فرانسیسی صدر امینوئل میکرون میدان میں آ گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول نے پہلے سرکاری دورے پر امریکہ پہنچنے والے فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کیا۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے شام کے خلاف کارروائی میں ساتھ دینے پر فرانسیسی صدر اور فوج کا شکریہ ادا کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی صدر نے ایران ایٹمی معاہدے کو ایک بار پھر ڈیزاسٹر قرار دے دیا تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر اپنے امریکی ہم منصب کو ایران نیوکلئیر ڈیل کی توثیق کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سے پہلے ایران نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی پرامریکہ کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔