انڈونیشیا : تیل کے کنویں میں ہولناک آتشزدگی، 15 افراد ہلاک

Last Updated On 25 April,2018 06:41 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا میں تیل کے کنویں میں آگ لگنے سے پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

انڈونیشیا کے شمال مغربی صوبہ آچے میں تیل کے کنویں میں ہولناک آتشزدگی کی وجہ سے کم از کم 15 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 40 افراد جھلس کر زخمی  ہو گئے ہیں۔ آسمان کو چھوتے شعلوں نے مکانات اور درختوں کو دیکھتے ہی دیکھتے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد متعلقہ علاقے کو خالی کروا لیا گیا۔ 

فائر فائٹرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ پولیس حکام کو شبہ ہے کہ تیل کے کنویں کی غیر قانونی طور پر کھدائی کی جارہی تھی اور لاپرواہی برتنے پر آگ لگی۔ انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ریلیف مینجمنٹ ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابھی متاثرین کی تعداد کا پتہ لگا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں جکارتہ کے قریب دھماکہ خیز مواد بنانے والی کمپنی میں آتشزدگی کی زد میں آکر 47 افراد ہلاک ہوئے تھے۔