لیبیا :فوج کا درنہ بندرگاہ پر کنٹرول کا دعویٰ

Last Updated On 06 June,2018 11:54 am

لیبیا (نیٹ نیوز ) لیبیا کی سرکاری فوج نے ساحلی شہر درنہ کے ایک حصے اور بندرگاہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق لیبی فوج کی طرف سے منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے درنہ شہر میں طویل لڑائی کے بعد شہر کے 75 فی صد علاقے کو شدت پسندوں سے آزاد کرا لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج اور اس کے حامی گروپ درنہ میں چھپے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

درنہ شہر کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی مہم دوران سرکاری فوج کو باغیوں کی کھودی گئی سرنگوں کےایک نیٹ ورک کا بھی پتا چلا ہے۔ دہشت گرد ان سرنگوں اور خندقوں کو حملوں اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔

مسلح افواج کے میڈیا وار سیل کی طرف سے جاری کردہ ایک فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ درنہ میں دہشت گرد عناصر بڑے اسلحے پر قابض ہیں۔ انہوں نے اپنی سرنگوں اور زمین دوز بنکروں میں میزائل اور بھاری اسلحہ بھی چھپا رکھا ہے تاہم تازہ آپریشن میں وہ اسلحہ، مذہبی کتابیں، داعش کا پروپیگنڈہ لٹریچر اور تنظیم کے جھنڈوں کی بڑی تعداد قبضے میں لی گئی ہے۔