راکٹ حملوں کے بعد طرابلس کا ہوائی اڈہ بند، جھڑپیں جاری

Last Updated On 12 September,2018 05:07 pm

طرابلس (نیٹ نیوز ) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹ حملوں کے بعد فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب دارالحکومت کے مشرق میں ہوائی اڈے کے اطراف میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق ’معیتیقہ‘ ہوائی اڈے پر نامعلوم اطراف سے داغے گئے راکٹوں اور گولہ باری کے بعد ہوائی اڈے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے فیس بک پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ راکٹ حملوں کے بعد فضائی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ لیبیا کی فضائی کمپنی کی ایک پرواز جو مصر کے شہر سکندریہ سے آ رہی تھی کا راستہ تبدیل کرکے 190 کلو میٹر دو مصراتۃ ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

ادھر مصراتۃ ہوائی اڈے کے ترجمان طرابلس ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے والی تمام پروازوں کو مصراتہ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ الحدث چینل کے ذرائع کے مطابق راکٹ حملوں میں طرابلس کے المعیتیقہ ہوائی اڈے کو نقصان پہنچا ہے اور اس کے بعد ہوائی اڈے کو ہرطرح کی فضائی نقل وحرکت کے لیے بند اور اس ہوائی اڈے پراترنے والی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی طرف بھیجا گیا ہے۔

لیبیا کےمقامی ٹی وی چینل کے مطابق منگل کے روز ہوائی اڈےپر راکٹ باری کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ طرابلس کے معیتقیہ ہوائی اڈے کو 31 اگست سے سات ستمبر تک شہر میں جاری لڑائی کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ اس لڑائی میں کم سے کم 63 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔