یمن : الحدیدہ میں مقامی آبادی حوثیوں کے ہاتھوں اپنے گھر خالی کرنے پر مجبور

Last Updated On 03 October,2018 03:00 pm

یمن (نیٹ نیوز ) یمن میں باغی حوثی ملیشیا الحدیدہ شہر کے جنوبی اور مشرقی حصوں میں جھڑپوں کے علاقوں کے نزدیک واقع محلّوں کے مکینوں کو گھروں کو خالی کرنے اور دوسرے مقامات کوچ کر جانے پر مجبور کر رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ملیشیا نے بعض عمارتوں اور شہریوں کے گھروں کو عسکری ٹھکانوں میں تبدیل کر کے وہاں سیکڑوں نشانچیوں کو تعینات کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں ان علاقوں کی سڑکوں پر بکتر بند اور فوجی گاڑیاں گشت کر رہی ہیں اور توپ خانوں کو بھی نصب کر دیا گیا ہے۔

یمنی فوج کے ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور رہائشی علاقوں کے اندر سے شہر کے جنوبی اور مشرقی اطراف میں یمنی فوج کی تعیناتی کے مقامات پر گولہ باری کر رہی ہے۔

دوسری جانب عرب اتحاد کے طیاروں نے الحدیدہ صوبے کے دو ضلعوں زبید اور الحسینیہ میں مقامی آبادی کے لیے پمفلٹس گرائے ہیں۔ ان میں باور کرایا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لیے پیش قدمی جاری ہے۔

پمفلٹس میں مقامی آبادی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کی ہاری ہوئی جنگ میں ان کی معاونت نہ کریں۔ اتحادی طیاروں نے الدریہمی اور کیلو ستہ عشر کی شمالی جانب کے علاقوں میں حوثی ملیشیا کے کئی ٹھکانوں پر حملے کیے۔ اس کے نتیجے میں الدریہمی کے مشرق میں حوثیوں کی فوجی گاڑیوں اور ساز و سامان کی ایک بڑی تعداد تباہ ہو گئی۔