امیر ترین امبانی کی بیٹی کا مہنگا ترین بیاہ

Last Updated On 08 December,2018 04:45 pm

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) مہمانوں کیلئے 100 چارٹرڈ طیارے، سینکڑوں لگژری گاڑیاں، فائیو سٹار عمارتیں بک, ہالی ووڈ اداکاروں کے علاوہ دنیا کی مہنگی ترین امریکی گلوکارہ بیونسے بھی پرفارم کر یگی،مہمانوں کیلئے مو بائل ایپلی کیشن تیار ، جوڑے کیلئے 450 کروڑ روپے گھر کا تحفہ،سونے سے تیار کردہ دعوتی کارڈ ، ایک کی مالیت ساڑھے پانچ لاکھ پاکستانی روپے۔

بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی اگلے ہفتے بیاہی جارہی ہے مگر اس کی تقریبات کا آغاز 8 دسمبر سے ہورہا ہے یہ اس ملک کی تاریخ کی مہنگی ترین شادی ثابت ہونے والی ہے ۔27 سالہ ایشا امبانی کی شادی 33 سالہ آنند پیرامل سے 12 دسمبر کو ہونی ہے مگر اس کی ابتدائی تقریبات 8 اور 9 دسمبر کو اودے پور میں ہوں گی جس کے بعد ممبئی میں شادی کی مرکزی تقریب ہوگی اور ان تقریبات کی تیاری کے لیے لگتا ہے کہ اربوں روپے خرچ کیے جاچکے ہیں اودے پور میں ملکی و غیرملکی مہمانوں کو پہنچانے کے لیے 100 سے زائد چارٹرڈ طیاروں کی خدمات حاصل کی جاچکی ہیں۔اسی طرح جیگوار، مرسڈیز، پورشے اور بی ایم ڈبلیو جیسی سینکڑوں لگژری گاڑیوں کو ان مہمانوں کو ایئرپورٹ سے تقریبات کے مقامات پر پہنچانے کے لیے بک کیا گیا ہے۔
امبانی خاندان نے پورے شہر میں متعدد فائیو سٹار جائیدادوں کو بھی مہمانوں کی رہائش کے لیے بک کیا ہے جبکہ ایک کثیرالمنزلہ عمارت الائنس کے ملازمین کے لیے کرائے پر لی گئی ہے جو کہ تقریبات کا انتظام سنبھالیں گے ۔تقریبات میں شریک مہمانوں کے لیے خاص طور پر ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے تاکہ وہ سرگرمیوں کے بارے میں جان سکیں جبکہ دنیا کی مہنگی ترین امریکی گلوکارہ بیونسے بھی پرفارم کریں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق چونکہ ان تقریبات میں متعدد مہمان بیرون ملک سے آئیں گے تو اودے پور ایئرپورٹ پر کسٹم اور امیگریشن کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں جو کہ کچھ دن تک ایکٹو رہیں گے ۔فوربز کے مطابق مکیش امبانی 47 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ دلہن کے ہونیوالے شوہر کا خاندان بھی بھارت کے امیر ترین گھرانوں میں سے ایک ہے ۔انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایشا اور آنند کو شادی کے بعد رہائش کے لیے ممبئی میں سمندر کے سامنے 50 ہزار فٹ رقبے پر پھیلا گھر تحفے میں دیا جائے گا جس کی مالیت 450 کروڑ بھارتی روپے ہے ۔اس سے قبل ایشا اور آنند کی منگنی اٹلی کے مقام لیک کومو میں ہوئی تھی جس میں 600 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی تھی، جس میں امریکی موسیقار جان لیجنڈ اور بھارتی موسیقار اے آر رحمن نے پرفارم کیا تھا جبکہ بالی ووڈ کی کئی نامور شخصیات نے اس میں شرکت کی۔ رپورٹس کے مطابق بیونسے کو اودے پور کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے عوض 15 کروڑ بھارتی روپے دیئے جائیں گے ۔شادی کے لیے زیورات اور ملبوسات کے لیے بھی بھارت کے مہنگے ترین ڈیزائنرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور اس کی لاگت بھی یقیناً کروڑوں میں ہوگی۔ایشا امبانی کی شادی کے دعوت نامے کی لاگت ہی چونکا دینے والی تھی اور ایک کارڈ کی قیمت 3 لاکھ بھارتی روپے یا پاکستانی ساڑھے 5 لاکھ روپے تھی۔ایشا امبانی کی شادی کا دعوت نامہ کوئی عام دعوت نامہ نہیں کیوں کہ اسے ایک باکس کی شکل میں تیار کیا گیا۔باکس کے کھلتے ہی سب سے پہلے اس میں ایک ڈائری موجود ہے ، جس کے ذریعے مہمانوں کو شادی کی تقریب میں آنے کی دعوت دی گئی۔اس ڈائری مین ایک پیج پر ایشا امبانی اور ان کے ہونے والے شوہر آنند پیرامل نے مہمانوں کے لیے خط بھی تحریر کیا۔ڈائری کے نیچے مہمانوں کے لیے ایک اور باکس رکھا گیا، جس کو کھولتے ہی چار چھوٹے چھوٹے ڈبے سجائے گئے ہیں، جنہیں سونے سے تیار کیا گیا ہے ۔ان ڈبوں میں سونے کی مالائیں موجود ہیں۔