پرنس فلپ گاڑی کے حادثے کے بعد اپنے ڈرائیونگ لائسنس سے دستبردار

Last Updated On 12 February,2019 02:42 pm

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) برطانیہ کے بکنگھم پیلس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ الزبتھ کے 97 سالہ شوہر پرنس فلپ نے رضاکارانہ طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس منسوخی کیلئے حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

پرنس فلپ 17 جنوری کو مشرقی انگلینڈ میں شاہی رہائش گاہ سینڈرنگھم کے نزدیک حادثے کا شکار ہو گئے تھے جب اُن کی گاڑی ایک کار سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی۔ اس حادثے میں وہ محفوظ رہے اور اُنہیں کوئی چوٹ نہیں لگی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنس فلپ نے اس واقعے پر غور کرنے کے بعد اپنا ڈرائیونگ لائسنس ترک کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حادثے میں دوسری کار کی 28 سالہ خاتون ڈرائیور کو گھٹنے پر چوٹ لگی جبکہ اُن کے ساتھ بیٹھی ایک 45 سالہ خاتون کی کلائی کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ اس گاڑی میں 45 سالہ خاتون کا 9 ماہ کا بچہ بھی سوار تھا۔ چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ پرنس فلپ ایک چھوٹی سڑک سے مین روڈ پر مڑنے کی کوشش کر رہے تھے جب اُن کی گاڑی دوسری کار سے ٹکرا گئی۔

پرنس فلپ کا کہنا تھا کہ سامنے سے سورج کی شعائیں براہ راست آنکھوں میں پڑنے کے باعث وہ دوسری جانب سے آتی ہوئی کار کو نہ دیکھ پائے اور یوں حادثہ ہو گیا۔ حادثے کے دو روز بعد پولیس نے پرنس فلپ کو حادثے کے وقت سیٹ بیلٹ نہ پہننے کی وجہ سے وارننگ بھی جاری کی۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پرنس فلپ نے ہفتے کے روز اپنا ڈرائیونگ لائسنس رضاکارانہ طور پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ لائسنس منسوخی کیلئے لائسنس جاری کرنے والے محکمے کو بھجوا رہی ہے۔

پرنس فلپ نے 2016 میں سابق امریکی صدر براک اوباما اور اُن کی اہلیہ کو بھی خود گاڑی چلاتے ہوئے سیر کرائی تھی جس کے بعد باراک اوباما نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا تھا، ’’مجھے اس سے پہلے کبھی کسی ڈیوک آف ایڈنبرا نے گاڑی کی سیر نہیں کرائی اور میں وثوق سے کہ سکتا ہوں کہ یہ بہت پرسکون رائیڈ تھی۔‘‘ 

Advertisement