سری لنکا میں خود کش حملے کرنے والے بمبار تعلیم یافتہ نکلے

Last Updated On 24 April,2019 04:52 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں ایسٹر کے دوران خود کش حملے کرنے والے بمبار تعلیم یافتہ نکلے۔ ایک بمبار نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن پولیس چیف اور ڈپٹی وزیر دفاع روان وجے وردنے کا کہنا ہے کہ بم دھماکوں میں ایک خاتون سمیت 9 خود کش حملہ آور شامل تھے۔

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں کا کہنا تھا کہ دھماکوں کےالزام میں 60 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ گرفتارکیے جانے والوں میں ایک غیر ملکی شہری بھی شامل ہے جس کا تعلق شام سے ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے سری لنکن پولیس چیف کے حوالے سے بتایا کہ تحقیقات کےمطابق دھماکوں میں 9 خودکش حملہ آوروں میں سے 8 کی شناخت کی جاچکی ہے۔

اُدھر ڈپٹی وزیردفاع کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں ملوث گروہ کے لیڈر نے شنگریلا ہوٹل میں خودکشی کرلی۔ دوسری طرف امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی حملوں کی تحقیقات کے لیے پہنچ گئی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل داعش نے سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔