امریکا کا خلیج عمان میں عالمی فوجی اتحاد بنانے کا اعلان

Last Updated On 10 July,2019 05:16 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے خلیج عمان اور آبنائے ہرمز میں ایران کیساتھ کشیدگی کے بعد عالمی فوجی اتحاد بنانے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ اتحادی ممالک خلیجی خطے کے تحفظ کے لیے کام کریں۔ ڈنفورڈ کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک کو خلیج کے پانیوں میں نقل و حمل کی آزادی کی ضمانت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: تیل کی ترسیل: خلیج عمان میں سعودیہ، ناروے، امارات کے بحری جہازوں کو تباہ کرنیکی کوشش

ان کا کہنا تھا کہ اس موضوع پر اتحادی ممالک سے بات چیت جاری ہے تاکہ آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری جہاز آزادی سے سفر کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کی عمان کے توسط سے ایران کو حملوں کی وارننگ، تہران کی تصدیق

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو تیل سپلائی کرنے پر مامور سعودی بحری جہازوں پر حملوں کے بعد امریکا پہلے ہی خلیج عمان میں ایک طیارے بردار بحری بیڑا تعینات کرچکا ہے اس کے علاوہ جنگی طیاروں کی دو کھیپ بھی قطر میں اپنے فوجی کیمپ میں منتقل کرچکا ہے۔