بھارت نے جنت کو جہنم بنا دیا، اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے شدید تحفظات

Last Updated On 11 August,2019 10:04 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت نے جنت کو جہنم بنا دیا، اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے نریندرمودی کے اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔ کہتے ہیں مودی قوم کو کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کریں، دوسری طرف سابق بھارتی فوجی، مصنف اور صحافی نے سچ بول دیا، پاکستان سے بامعنی مذاکرات کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا ظالمانہ اقدام، ہر طرف کشمیریوں کی حمایت میں آوازیں بلند ہونے لگیں۔ اپوزیشن جماعت کانگریس کے اجلاس میں سرینگر، لداخ اور دیگر علاقوں میں حکومتی اقدامات پر شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں۔

پارٹی رہنما راہول گاندھی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نریندر مودی قوم کو کشمیر کی صحیح صورتحال کے بارے میں بتائیں۔ راہول گاندھی نے کہا سرکار نے کشمیر میں شہریوں کا جینا اجیرن بنا دیا ہے، وزیراعظم کے حالیہ اقدامات پر قوم جاننا چاہتی ہے وہ وادی میں کیا کررہے ہیں۔

سابق بھارتی فوجی مصنف اور صحافی نے مودی سرکار کے منہ پر ایک اور طمانچہ ماردیا اور سچ سامنے لے آئے۔ صحافی پراوین ساہنے کا کہنا تھا بھارت پر پاکستان سے مذاکرات کیلئے دباو بڑھ رہا ہے، روس اور چین مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ بات چیت جلد شروع کرنا ہوگی، بھارتی فوج لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، ہم نے اپنی فوج کو دور جدید کی جنگ کیلئے ناکارہ بنا دیا۔


 

Advertisement