واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کی گرفتاریوں اور ان پر پابندیوں کی خبر تشویشناک ہے۔ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔
ادھر اندرونی معاملے کا راگ الاپنے والے بھارت کی ایک بار پھر جگ ہنسائی ہو گئی ہے کیونکہ امریکا نے مودی سرکار سے مقبوضہ وادی سے متعلق تفصیلات مانگ لی ہیں۔
بھارتی جریدے دی پرنٹ کے مطابق امریکا کو مقبوضہ وادی میں جاری گرفتاریوں پر شدید تشویش ہے۔ واشنگٹن نے نئی دلی سے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے متعلق تفصیلات مانگی ہیں۔
دی پرنٹ کے مطابق معلومات کا تقاضا ناصرف امریکی سفارتخانے کی جانب سے کیا گیا ہے بلکہ نئی دلی کے دورہ پر آئے اعلیٰ سطح کے امریکی سفارتکاروں نے بھی مقبوضہ وادی کی صورتحال سے متعلق معلوما ت طلب کی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں عوام کی گرفتاریوں اور ان پر پابندیوں پر تشویش ہے۔ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔ ایل او سی پر امن واستحکام برقرار رہنا چاہیے۔ ہم پاک بھارت دو طرفہ مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔