ترکی نے شام میں جنگ بندی پر اتفاق کر لیا: امریکی نائب صدر

Last Updated On 17 October,2019 11:46 pm

استنبول (دنیا نیوز) امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ ترکی نے شام میں جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، کرد جنگجوؤں کے علاقے سے انخلاء کے بعد یہ آپریشن ختم ہو جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر کا کہنا ہے کہ ترکی کی طرف سے شمالی شام میں شروع کیا گیا آپریشن بند کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرد ملیشیا کے علاقے سے انخلا کے لئے ترکی ایک سو بیس گھنٹوں کے لئے آپریشن میں وقفہ کرے گا۔ امریکا اپنے کرد اتحادیوں کا بھی شکر گزار ہے جس نے ماضی میں ہمارا ساتھ دیا

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شام کے معاملے پر جنگ بندی کرنے پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے شکر گزار ہیں، اس فیصلے کے بعد لاکھوں افراد کی جانیں بچ جائینگی۔

اُدھر ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترکی آپریش ختم نہیں کر رہا، عارضی طور پر روک رہا ہے، ایک سو بیس گھنٹے کرد جنگجوؤں کو علاقے سے نکل جانے کے لئے دے رہے ہیں، جب کرد ملیشیا کا انخلا مکمل ہوگا تب آپریشن کو مکمل طور پر روک دیا جائےگا، جب ترکی آپریشن ختم کرے گا تو امریکا پابندیاں ہٹائے گا۔