افغانستان: طالبان کے حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

Last Updated On 23 December,2019 06:06 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے قندوز میں طالبان نے امریکی قافلے پر حملہ کر دیا جس کے بعد ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا جبکہ متعدد امریکی اور افغان فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا ہے کہ امریکی قافلے کو قندوز کے علاقے چار درہ میں نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں متعدد فوجی زخمی بھی ہوئے۔

امریکی فوج کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ہمارا ایک اہلکار مارا گیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دریں اثناء اس ہلاکت کے ساتھ ہی رواں برس افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد کم از کم 20 ہو گئی ہے۔ 2014ء کے بعد رواں برس امریکی فوجیوں کے لیے سب سے ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ایسے پرتشدد حملوں کے بعد چند ماہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امن مذاکرات کا سلسلہ منقطع کر دیا تھا۔ دوبارہ شروع ہونے والے امن مذاکرات میں امریکی فوجیوں کے انخلا کی شرائط پر گفتگو جاری ہے۔

امریکا نے نائن الیون حملوں کے بعد دہشتگرد نيٹ ورک القاعدہ کو ختم کرنے کے لیے اپنے فوجی افغانستان میں اتارے تھے اور 2400 سے زائد امریکی فوجی افغان سرزمین پر ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

اس وقت افغانستان میں 12 ہزار سے 13 ہزار کے درمیان امریکی فوجی موجود ہیں اور امریکی صدر آئندہ برس ان میں سے زیادہ تر کو امریکا واپس لانا چاہتے ہیں۔