الیکٹرک سمارٹ کار تیار، 60 سالہ خواب سچ ثابت ہو گیا: ترک صدر

Last Updated On 27 December,2019 11:47 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکی کا 60 سالہ خواب سچ ثابت ہو گیا ہے۔ پہلی الیکٹرک سمارٹ کار تیار کر لی ہے، اس کار کا نام ٹاگ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی طور پرپہلی الیکٹرک سمارٹ کار TOGG کی رونمائی کی تقریب میں صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔ یہ ملکی آٹوموبائل 2022 میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہوگی۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کوجہ ایلی کے علاوہ گبزے میں منعقد ہوئی۔

صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک تاریخی دن ہے، ہم نے گزشتہ 60 سالوں سے دیکھے گئے خواب کو پورا کرنے کیلئے دن رات محنت کی ہے اور آج اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے 100 سے زیادہ ترک انجینئر دن رات کام کر رہے ہیں۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کے ڈیزائنرز اور انجینئروں کی کوششوں سے مقامی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے 100 فیصد مقامی سطح پر ہی اسے تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے کار کی ٹیکنالوجی میں دنیا میں نیا وژن متعارف کروایا ہے۔ اور اب وہ اس الیکٹرک سمارٹ کار کو دنیا سے متعارف کروانے کے لیے تیار ہے۔

صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ مقامی آٹوموبائل فیکٹری برصا کے علاقے میں قائم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی ماحول کو بھی آلودہ نہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہماری گاڑی صفر کے اخراج کے ساتھ کام کرکے ماحول کو کبھی بھی آلودہ نہیں کرے گی۔ یہ الیکٹرک سمارٹ کار 2022 میں ترکی میں پوری چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی تیار کرلے گی۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس گاڑی کو عالمی برانڈ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اسے بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے بعد یورپ م فروخت کریں گے اور یہ یورپ میں اپنی طرز کی واحد کلاسیکی گاڑیوں سے ہٹ کر ایس یو وی ماڈل کی مالک گاڑی ہوگی ۔