بھارتی سیاحت تباہی کے دہانے پر، 2 لاکھ سے زائد سیاحوں نے تاج محل کا دورہ منسوخ کر دیا

Last Updated On 30 December,2019 06:41 pm

نئی دہلی : (دنیا نیوز) مودی سرکار کی متنازع پالیسیوں نے بھارتی سیاحت کو ڈبو دیا، امریکا اور برطانیہ سمیت سات ممالک نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی، دو ہفتوں کے دوران دو لاکھ سے زائد سیاح تاج محل کا دورہ منسوخ کر چکے ہیں۔

مودی سرکار کی مسلم مخالف پالیسیوں کے بعد بھارت میں احتجاجی مظاہروں میں تیزی، رائٹرز کے مطابق مظاہروں سے بھارت میں سیاحت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دو ہفتوں کے دوران تقریباً دو لاکھ سیاح تاج محل کا دورہ منسوخ یا ملتوی کرچکے ہیں۔

گذشتہ دسمبر کے مقابلے میں اس سال سیاحوں کی تعداد میں ساٹھ فیصد کمی آئی ہے۔ آسام میں بھی ایک سینگھ والے گینڈوں کو دیکھنے آنے والے سیاحوں کی تعداد نوے فیصد کم ہوگئی ہے۔ مظاہروں کی وجہ سے اب تک سات ممالک اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کرچکے ہیں۔ ان ممالک میں امریکا، برطانیہ، روس، اسرائیل، سنگا پور، کینیڈا اور تائیوان شامل ہیں۔