ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو حج کی تیاریاں موخر کرنے پر زور دیا ہے، سعودی وزیر حج محمد بنتن نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مسلمانوں کی صحت عزیز ہے، صورتحال واضح ہونے تک حج کے معاہدے نہ کیے جائیں۔
سعودی عرب کے وزیر حج اورعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے دنیا بھر کے مسلمان ممالک سے کہا ہے کہ کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال واضح ہونے تک حج اور عمرہ سے متعلق معاہدوں کے حوالے سے صبرکام لیں۔
سعودی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا مملکت عمرہ اور حج دونوں کے لیے پوری طرح تیاری کر رہی ہے مگر عازمین کی سلامتی ہرچیز پر مقدم ہے۔
جب تک کورونا کے باعث پیدا ہونے والے حالات ٹھیک نہیں ہوجاتے، مسلمان ممالک اس وقت تک حج وعمرہ کے معاہدے نہ کریں۔ صالح بنتن نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں عمرہ کے لیے آئے 1200 عازمین عمرہ واپس نہیں جاسکے ہیں۔ سعودی وزیر کے مطابق ان لوگوں کو رقوم واپس کر دی گئیں جنہوں نے ویزا حاصل کیا لیکن عمرہ نہیں کیا۔