کورونا وائرس: ترک صدر کا شہریوں کو فری فیس ماسک دینے کا اعلان

Last Updated On 08 April,2020 05:46 pm

استنبول: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کی طرح ترکی میں بھی کورونا وائرس سے افراد جاں بحق ہو رہے ہیں، روز بروز جاں افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ حکومت کی طرف سے مہلک وباء کی تھام کے لیے کوششیں بھی کی جا رہی ہیں تاہم ترکی کی حکومت نے شہریوں کو فری فیس ماسک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترک خبر رساں ادارے ’ٹی آر ٹی‘ کے مطابق ترکی میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ترک صدر طیب اردگان کی جانب سے مثالی اقدام اٹھایا گیا ہے، ترک صدر نے اپنی چار ماہ کی تنخواہ بھی کورونا فنڈ میں دی ہے اور اب مہلک وباء سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں مفت خدمات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردگان ترکی میں فیس ماسک کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کردی ہے اور انہوں نے ماسک کی خرید و فروخت سے منع کردیا ہے۔

ترک صدر کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اتنی مقدار میں ماسک موجود ہیں جو ترکی کی پوری آبادی کے لیے کافی ہیں۔ سپرمارکیٹس میں بھی ماسک مفت فراہم کیے جائیں گے جبکہ شہری پوسٹ اینڈ ٹیلی گراف آرگنائزیشن کے ذریعے بلامعاوضہ ماسک منگوا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترک حکومت بڑی تعداد میں مفت ماسک تقسیم کر چکی ہے جبکہ عالمی وبا کے خاتمے تک شہریوں کو مفت ماسک کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر تیاری جاری رہے گی۔ عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ترک صدر نے استنبول میں کورونا متاثرین کےلئے دو ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ دونوں ہسپتال مجموعی طور پر دوہزاربیڈز پر مشتمل ہونگے۔ جس میں سے ایک ہسپتال یورپی سائیڈ پر اتاترک ایئرپورٹ اور دوسرا ایشیائی حصے کی طرف بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردگان نے کورونا وائرس کے پھیلا ؤ سے نمٹنے کی خاطر حکومتی اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کو مکمل طور پر لاک ڈائون نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دنیا بھر کی ترکی میں بھی کورونا وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، اس وقت ترکی میں 725 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
 

Advertisement