سعودی شاہی خاندان آل سعود کے 150 کے قریب افراد کورونا وائرس میں مبتلا

Last Updated On 09 April,2020 06:25 pm

ریاض: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے سعودی شاہی خاندان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امریکی خبر رساں ادارے نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز کورونا وائرس کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

شاہی خاندان آل سعود کے 150 کے قریب افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان جدہ کے قریب محفوظ جزیرے پر منتقل ہو گئے ہیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی وزرا کے ہمراہ ساحلی شہر میں منتقل ہو گئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق شاہی خاندان کے لئے مخصوص شاہ فیصل ہسپتال میں مزید 500 بیڈز وی آئی پی شخصیات کے کئے تیار کروائے گئے ہیں، سعودی شاہی خاندان میں ہزاروں شہزادے ہیں جو باقاعدگی سے یورپ کا سفر کرتے ہیں۔

نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹرز کو خدشہ ہے کہ سعودی شہزادے یورپ اور باہر کے ممالک سے متاثر ہوکر وطن واپس آئے ہیں۔