امریکہ میں کورونا سے مزید 2804 اموات، لاکھوں‌ شہری وبا سے بے روزگار ہو گئے: ٹرمپ

Last Updated On 22 April,2020 10:01 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا سے ایک ہی روز میں مزید 2804 امریکی ہلاک ہو گئے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے لاکھوں امریکی بے روزگار ہو گئے، امریکیوں کی نوکریوں کو محفوظ بنانا ترجیح ہے

امریکا میں کورونا سے صورتحال خوفناک، ایک روز میں مزید 2804 افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے شہریوں کی تعداد 45318 ہو گئی۔ 8 لاکھ سے زائد امریکی عالمی وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ماہ کے لیے ملک میں امیگریشن پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے بے روز گار امریکیوں کے تحفظ کے لیے 60 روز کے لیے امیگریشن پر پابندی عائد ہو گی جس میں توسیع بھی ہو سکتی ہے اور اس کا انحصار امریکا کی معیشت کی صورتحال پر ہو گا۔

امریکی سینیٹ نے متفقہ طور پر 480 ارب ڈالرز کا امدادی بجٹ منظور کر لیا ہے۔ امدادی پیکج کا مقصد چھوٹے کاروباری قرضوں کے لیے نئے فنڈز اور طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس اور آلات خریدنا شامل ہیں۔

امریکا کے ادارہ برائے انسداد برائے وبائی امراض کے ڈائریکٹر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں وائرس کے دوسرے مرحلے میں متاثرہ افراد کی تعداد حالیہ تعداد سے بڑھ سکتی ہے اور یہ موجودہ صورتحال سے بھی زیادہ برا ہو سکتا ہے۔