مقبوضہ وادی: قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کرنے لگی، مزید 3 نوجوان شہید

Last Updated On 27 April,2020 04:36 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) دنیا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تگ و دو کر رہی ہے وہیں پر ظالم بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کر رہی ہے، ضلع کلگام میں قابض بھارتی فوج نے مزید 3 نوجوان شہید کر دیے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کلگام کے علاقے قاضی گند میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔

چوبیس گھنٹے میں شہدا کی تعداد7 ہو گئی ،کشمیریوں نے ظالمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج کیا،قابض فوج کے گشت سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی فوج نے مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا جس کے بعد چوبیس گھنٹے میں شہدا کی تعداد چار ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے مظالم جاری، ضلع کلگام میں مزید دو نوجوان شہید

تفصیل کے مطابق رمضان المبارک کے دوران بھی بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ سرچ آپریشن کی آڑ میں قابض افواج نے کلگام کے علاقے استھال پر دھاوا بول دیا۔

کلگام میں چوبیس گھنٹے کے دوران چار نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ گزشتہ روز پلوامہ میں 3 اور جمعہ کو ضلع شوپیاں میں چار نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔

دوسری جانب مسلسل لاک ڈاؤن اور محاصرے کی صورتحال سے دوچار کشمیری عوام ذہنی امراض کا شکار ہونے لگے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد سینکڑوں نوجوانوں کو بھارتی فوج نے اٹھایا تھا جن کے والدین آج بھی اپنے بچوں کی راہ دیکھ رہے ہیں اور شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں۔
 

Advertisement