دنیا بھر میں کورونا کا زور، مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 84 ہوگئی

Last Updated On 07 May,2020 09:41 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا کا زور برقرار ہے، مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 84 ہوگئی، جرمنی میں لاک ڈاؤن میں بڑی نرمی کرتے ہوئے جرمن چانسلر نے دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی۔

کورونا وائرس مسلسل جانیں نگل رہا ہے، 24 گھنٹے میں دنیا بھر سے 6 ہزار 811 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ مزید 95 ہزار 325 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، برطانیہ میں مزید 649 ہلاکتوں کے بعد تعداد 30 ہزار 76 ہوگئی۔

برازیل میں مزید 667 افراد لقمہ اجل بنے، تعداد 8 ہزار 588 ہوگئی، اٹلی میں مزید 369 ہلاکتوں سے مرنے والے 29 ہزار 857 ہوگئے۔ فرانس میں مزید 278 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد تعداد 25 ہزار 809 ہوگئی۔ اسی طرح سپین میں مزید 244 ہلاکتیں ہوئیں اور تعداد 25 ہزار 857 ہوگئی۔

جرمنی میں مزید 282 افراد جان سے گئے، بھارت میں مزید 92 اور ایران میں 78 اموات ہوئیں۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے لاک ڈاؤن میں بڑی نرمی کرتے ہوئے دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی۔ شہری عوامی مقامات پر ایک دوسرے سے مل سکیں گے۔

یورپ کی سب سے بڑی فٹبال لیگ رواں ماہ کے اختتام پر شروع کرنے کا بھی منصوبہ بنا لیا، گرمیوں کی چھٹیوں سے پہلے سکول بھی کھول دیئے جائیں گے۔ سپین کی پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت میں مزید 2 ہفتوں کے لیے توسیع کر دی ہے۔

نرسوں کی عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں طبی عملے کے 90 ہزار افراد مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 260 سے زیادہ نرسز ہلاک ہو چکی ہیں۔