حوثی باغیوں کی ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

Last Updated On 23 June,2020 05:25 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح کو حوثی باغیوں نے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل حملہ کرنے کی کوشش کی ہے جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے پریس ایجنسی کے مطابق سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملیشیا نے یمن کے شہر صعدہ سے میزائل داغا ہے جس سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا تھا تاہم سعودی افواج نے اسے فضا میں ناکارہ بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے فجر کے وقت اور کل رات 8 میزائل اور تین بارود بردار ڈرون حملے بھی کیے ہیں، ان سب کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ مذکورہ دونوں ناکام حملوں سے جازان اور نجران کی سول آبادی کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جارہی تھی۔داغے جانے والے تین میزائلوں میں سے دو سے نجران اور ایک سے جازان کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کی تنصیبات اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ حوثیوں کی طرف سے یہ مذموم اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔