قابض بھارتی فوج نے 8 سالہ بچے سمیت 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا

Last Updated On 26 June,2020 05:59 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) قابض بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی تیز کرنے لگی، ریاستی دہشتگردی کے نام پر 8 سالہ بچے سمیت مزید 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے دوران مزید 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد کل سے لیکر اب تک شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلواما میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔8 سالہ بچے کا نام نیہان بٹ ہے، بچے کا تعلق ضلع اسلام آباد سے ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلواما کے علاقے ترال میں رات سے ہی بھارتی فوج نے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر رکھا تھا جب کہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد24 ہوگئی ہے۔
 

Advertisement