ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے امریکا پر واضح کیا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ٹرمپ پر واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے اسرائیل سے تعلقات اس وقت تک معمول پر نہیں آئیں گے جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ ہو جائے۔
سعودی سرکاری ایجنسی کے مطابق بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ٹرمپ سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ اور مستقل حل چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع کے حل کی یہ شرط سعودی مملکت کے پیش کردہ عرب امن منصوبے کا نقطہ آغاز ہو گا۔