کورونا کی دوا سے خود کو سپرمین محسوس کرتا ہوں، جوبائیڈن جھوٹے ہیں: صدر ٹرمپ

Published On 14 October,2020 09:50 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران انہیں ایسی دوا دی گئی جس کے بعد وہ اپنے آپ کو سپر مین محسوس کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کو جھوٹا بھی قرار دیا۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بڑے برے طریقے سے کورونا وائرس کی وبا کو ہینڈل کیا۔

صدر ٹرمپ نے پنسلوانیا میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا، انہوں نے ہزاروں حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس مبتلا ہونے کی کہانی سنائی۔ کہتے ہیں کوویڈ 19 کے دوران انہیں ایسی دوا دی گئی جس کے بعد وہ اپنے آپ کو سپرمین محسوس کرتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس جلد ویکسین آ جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مہم اتنی تیز کیوں چلاتے ہو ذرا بریک لگاؤ۔ انہوں نے جوبائیڈن کو جھوٹا بھی قرار دیا۔

دوسری جانب فلوریڈا میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے بڑے برے طریقے سے کورونا وائرس کی وبا کو ہینڈل کیا۔