مقبوضہ کشمیر: سیاسی جماعتوں نے دلی سرکار کیخلاف نیا اتحاد تشکیل دے دیا

Published On 18 October,2020 05:36 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے دلی سرکار کے خلاف نیا اتحاد تشکیل دے دیا ہے۔

آرٹیکل تین سو ستر کا خاتمہ کورونا وائرس کی طرح ہے جسکی علامات کچھ دیر بعد ظاہر ہونگی،،،بھارت نواز کشمیری رہنما سجاد لون بھی مودی سرکار پر برس پڑے۔

نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کی سربراہی میں گیارہ سیاسی جماعتوں نے اتحاد تشکیل دیا ہے، جس کا مقصد مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کو بحال کرنے کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔

ایک سال بعد بھارتی نظر بندی سے رہا ہونے والی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی بھی پانچ اگست کو سیاہ ترین دن اور مودی سرکار کے اقدام کو ڈاکہ زنی قرار دے چکی ہیں۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بیانیے کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت نواز سمجھے جانے والے سیاستدان بھی بھارت کے خلاف میدان میں آ گئے ہیں۔

پیپلز کانفرنس کے رہنما سجاد لون نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو کورونا وائرس جیسا خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار کے اس اقدام کے اثرات بعد میں نمودار ہونگے۔ کشمیری قیادت نریندر مودی کے ہاتھوں بے وقوف بنتی رہی اور کشمیریوں کا حق چھن گیا۔

 

Advertisement