گھانا میں چرچ کی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک

Published On 24 October,2020 04:56 pm

اکرا: (ویب ڈیسک) افریقی ملک گھانا میں زیر تعمیر تین منزلہ چرچ کی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک گھانا میں تین منزلہ چرچ کی چھت اُس وقت منہدم ہوگئی جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ عبادت میں مصروف تھے۔ عمارت گرنے سے 22 افراد ہلاک ہوگئے، ملبے سے 15 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں حادثے میں 11 خواتین، 10 مرد اور ایک بچی کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

عمارت منہدم ہونے کے وقت 60 سے زائد افراد موجود تھے اور درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تین منزلہ چرچ کی عمارت میں 1994 سے تعمیراتی کام جاری ہے۔