جوبائیڈن نے کابینہ ارکان نامزد کر دیئے، حتمی اعلان کانگریس کی منظوری سے مشروط

Published On 24 November,2020 09:47 am

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی ٹیم نے کابینہ ارکان کی نامزدگی کر دی، باقاعدہ اعلان کانگریس کی منظوری کے بعد کیا جائےگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن کے مشیر انٹونی بلینکن کو وزیر خارجہ ، الیجنڈرو میورکاس کو سیکریٹری ہوم لینڈ سکیورٹی، جیک سولیوان کو مشیر قومی سلامتی ، سابق وزیر خارجہ جان کیری کو ماحولیاتی تبدیلی کا سفیر، جب کہ اقوام متحدہ میں سفیر کے لیے لنڈا ٹامس گرین لینڈ کے نام لیے جا رہے ہیں۔ 

جوبائیڈن کا انتخاب کابینہ مختلف نسلی گروپوں کی نمائندگی کے وعدے کی بھی عکاسی کرتا ہے ، لنڈا گرین لینڈ سیاہ فام، جب کہ الیجنڈرو میورکاس کیوبن امریکی ہیں، وہ لاطینی امریکا سے تعلق رکھنے والے پہلے ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔

اے ایف پی کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے مرکزی بینک کی سابق سربراہ جینٹ یلن جب کہ وزیر دفاع کے لیے مشیل فلورنوی مضبوط امیدوار ہیں۔ اٹارنی جنرل کے لیے سیلی یاٹس، وزیر توانائی کے لیے الزبتھ شیروڈ رانڈل کے نام لیے جا رہے ہیں، چیف آف سٹاف کے لیے رون کلین متوقع نام ہیں۔ ادھر اورل ہینز کو ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزدکیا گیاہے ۔ ذرائع کے مطابق نامزدگیوں کا باقاعدہ اعلان جمعرات کو کیاجائے گا۔ان نامزدگیوں کی ابھی کانگریس سے منظوری باقی ہے ۔