خبردار! کورونا وائرس کی نئی قسم منظر عام پر آ گئی، برطانیہ پہلا شکار

Published On 20 December,2020 05:37 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم منظر عام پر آنے سے یورپ سمیت پوری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

نئی وائرس کا سنتے ہی بیلجیئم اور نیدرلینڈز نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ نئی قسم بہت تیزی سے پھیل رہی ہے جس پر قابو پانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

تفصیل کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آ گئی ہے جو تیزی سے پھیلتی ہے اور مشکل سے ڈیٹیکٹ ہوتی ہے۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ لندن میں پائے جانے والی وائرس کی نئی قسم زیادہ مہلک ہے۔

نیدرلینڈز کے مریض میں نئے قسم کے کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد برطانیہ سے آنے والی فلائٹس پر یکم جنوری تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ادھر بیلجیئم نے بھی برطانیہ سے آنے والی ٹرین اور فلائٹس پر چوبیس گھنٹوں کے لئے پابندی عائد کر دی ہے۔


عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وائرس کی اس نئی قسم کے کیسز ڈنمارک اور آسٹریلیا میں بھی سامنے آئے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ نئی قسم آؤٹ آف کنٹرول ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے جنوبی لندن میں چوتھے درجے کے لا ک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تاکہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔