افغان طالبان کی سکھوں، ہندوؤں سے ملاقات، سکیورٹی دینے کی یقین دہانی

Published On 16 August,2021 10:28 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں افغان طالبان کے مقامی کمانڈرز نے ایک گوردوارے میں پناہ لینے والے سکھ اور ہندوؤں سے ملاقات کی ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ افغان صدر اشرف غنی سمیت کئی اعلیٰ عہدیدار بھی ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے قبضے کے بعد تقریباً 300 سے زائد سکھوں اور ہندوؤں نے گوردوارے میں پناہ لی ہوئی ہے جس میں 270 سے زائد سکھ اور 50 ہندو شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کابل کے گوردوارے میں پناہ لینے والوں میں غزنی اور دیگر علاقوں کے رہائش پذیر افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے صورتحال خراب ہونے پر دارالحکومت کا رخ کیا تھا۔ پناہ لینے والے ہندوؤں اور سکھوں سے طالبان کے مقامی کمانڈرز نے گوردوارے میں جاکر ملاقات کی اور ساتھ ہی انہیں مکمل سکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افغان طالبان نے ہندو اور سکھ افراد سے ملک نہ چھوڑنے کی اپیل کی۔

Advertisement