عراق: کالعدم جماعت کو متحرک کرنے کے جرم میں صدام حسین کی بیٹی کو 7 سال قید

Published On 24 October,2023 06:53 pm

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے سابق صدر صدام حسین کی سب سے بڑی بیٹی رغاد کو 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں فوجداری عدالت میں سابق صدر صدام حسین کی بیٹی کے خلاف اپنے والد کی کالعدم جماعت ’’بعث پارٹی‘‘ کو متحرک کرنے کے الزام پر مقدمے کی سماعت ہوئی۔

رغاد حسین پر الزام تھا کہ انہوں نے 2021 میں میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں اپنے والد کی جماعت بعث پارٹی کے نظریات کو پھیلایا اور ان انٹرویو کی سوشل میڈیا پر بھی تشہیر کی جب کہ بعث پارٹی کو 2003 میں کالعدم قرار دیا جا چکا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ بعث پارٹی کو 2016 میں عرقی پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے قانون کے آرٹیکل 9 کے بعد کالعدم قرار دیا گیا تھا جو اداروں، جماعتوں، نسل پرستانہ، دہشت گرد اور تکفیری سرگرمیوں کی ممانعت کا قانون ہے۔

عدالت نے کہا کہ رغاد حسین نے اس قانون کی خلاف ورزی کی جس پر انھیں 7 سال کی قید کی سزا سنائی جاتی ہے، رغاد حسین کو سزا ان کی غیر موجودگی میں سنائی گئی۔