متنازعہ ویڈیو بنانے پر برٹش ایئرویز کی دو خواتین ملازمین برطرف

Published On 23 March,2024 03:20 pm

لندن :(ویب ڈیسک ) برٹش ایئرویز نے اپنی دو ملازم خواتین کو ایک متنازعہ ویڈیو بنانے کی وجہ سے برطرف کردیا۔

ویڈیو کو ایک مسافر نے ٹک ٹاک پر پوسٹ کیا تو یہ تیزی سے پھیل گئی اور بڑے پیمانے پر اسے دیکھا گیا جس پر کمپنی کی انتظامیہ نے کارروائی کی اور اس میں ملوث ملازمین کو برطرف کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق "نسل پرستانہ اور جارحانہ" قرار دیے جانے والی اس ویڈیو کو بڑے پیمانے پر پھیلایا گیا، ویڈیو میں برٹش ایئرویز کے لیے کام کرنے والے دو فلائٹ اٹینڈنٹ اس میں نظر آئے۔

ٹک ٹاک ایپ پر پوسٹ کی گئی ایک ریکارڈنگ میں ہولی والٹن کو لارین برے نے آنکھوں کے ترچھے اشارے کرتے ہوئے فلمایا تھا اور چینی لہجہ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا "مجھے شراب دو" جسے لوگ چینی مسافروں کا مذاق سمجھ رہے تھے۔

واضح رہے برٹش ایئرویز نے ایسی ویڈیو کو نسل پرستانہ رویہ قرار دیتے ہوئے اپنے تمام ملازمین کو انتباہ جاری کیا ہے کہ آئندہ بھی اگر کوئی ملازم اس میں ملوث ہوا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔