ترکیہ: بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کو 9 شہروں میں صدر اردوان کی پارٹی پر برتری

Published On 01 April,2024 09:08 am

استنبول: (دنیا نیوز) ترکیہ کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنا شروع ہو گئے، صدر طیب اردوان کی جماعت کو دارالحکومت انقرہ سمیت 9 شہروں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، 81 صوبوں اور 973 اضلاع سمیت 390 قصبوں میں میئر کا انتخاب کیا جا رہا ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوران صدر اردوان کے جمہور اتحاد (پیپلز الائنس) اور حزب اختلاف کی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی (CHP) کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق دارالحکومت انقرہ اور استنبول سمیت ملک کے 9 شہروں میں میئر کی نشستوں پر حزبِ اختلاف کے امیدوار صدر طیب اردوان کی جماعت سے آگے ہیں، حزبِ اختلاف کی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی (CHP) نے انقرہ کے علاوہ ملک کے بڑے شہروں میں میئر کی 9 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔

استنبول کے میئر امام اوغلو کو تقریباً 10 پوائنٹس کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں موجودہ اپوزیشن میئر منصور یاواس کی جیت کا جشن منانے کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے صدر اردوان کی پارٹی کی کارکردگی، استنبول میں ایگزٹ پولز کی پیشگوئی سے بھی بدتر رہی، 2019ء میں ریپبلکن پیپلز پارٹی کے اکرم امام اوغلو نے استنبول میں دو دہائیوں سے برسر اقتدار اردوان کی جماعت کے امیدوار کو شکست دی تھی۔