لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھرمیں غربت میں کمی آنے لگی، عالمی اقتصادی فورم کی نئی رپورٹ کے مطابق پہلی بار دنیا کی نصف آ بادی کا شمار امیر یا مڈل کلاس گھرانوں میں ہونے لگا ہے۔
دس ہزار سال میں پہلی باردنیا میں غریبوں کی تعداد کم ہونے لگی، عالمی اقتصادی فورم نے اپنی نئی ماہانہ رپورٹ میں کہا ہےکہ دنیا کی آبادی کا پچاس فیصد یا 3 ارب 80 کروڑ افراد کا شمار مڈل کلاس یا امیر خاندانوں میں ہونے لگا ہے جبکہ اتنی ہی تعداد میں لوگ غربت یا اس سے نچلی سطح پر زندگی گزار رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہر سیکنڈ میں پانچ لوگ مڈل کلاس گھرانے میں شامل ہو رہے ہیں۔ ماہرین نے اپنی اس رپورٹ میں 188 ممالک کا سروے کیا۔ مڈل کلاس میں داخل ہونے والے ہر دس میں سے نو کا تعلق چین، بھارت جنوب اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک سے ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کے اعدادو شمار کے مطابق 2030 تک چین اور بھارت میں مڈل کلاس مارکیٹ 14اعشاریہ ایک کھرب ڈالر اور12اعشاریہ 3کھرب جبکہ امریکا میں یہ 15اعشاریہ 9 کھرب ڈالر تک ہوگی۔ رپورٹ کےمطابق امیر افراد کی دولت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔