پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی

Last Updated On 01 September,2019 09:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کے لیے خوشخبری، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 63 پیسے تک کمی کی گئی ہے، یکم ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جسکے بعد نئی قیمت 113 روپے 24 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 33 فی لٹر کمی کی گئی ہے، آج سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 14 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

مٹی کا تیل 4 روپے 27 پیسے فی لٹرسستا کیا گیا ہے۔ جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے 57 پیسے ہو گئی ہے۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ جسکے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

 

دوسری طرف سی این جی صارفین کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں 4 روپے 40 پیسے فی لٹر کمی کر دی گئی ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

سی این جی کی قیمتوں میں کمی پنجاب، اسلام آباد کے صارفین کے لیے ہو گی۔ ایل این جی کی قیمتیں گرنے کے باعث سی این جی سستی کی گئی ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی نئی قیمت 85 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے روایت سے ہٹ کر پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پٹرول 117 روپے 83 پیسے سے کم ہو کر 113 روپے 24 پیسے فی لٹر ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا تو وزارت خزانہ کی جانب سے بھی پہلی بار قیمتوں میں رد و بدل کا باضابطہ اعلان نہ کیا گیا بلکہ اسکی طرف سے آئل کمپنیوں کو براہ راست نئی قیمتوں سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے میڈیا کو درست قیمتوں کے حصول میں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔