اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں جس سے روسی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
روس کے نائب وزیر توانائی اناتولی تکونوو نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیر توانائی عمر ایوب خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان روس کے مابین توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں روسی تجربے اور مہارت سے مستفید ہوسکتا ہے۔ پاکستان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی عالمی بینک کی درجہ بندی میں 28 درجے بہتری آئی ہے۔
روسی نائب وزیر توانائی نے کہا کہ روس کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ مستقبل میں پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ روسی وفد ساتویں پاک روسی مشترکہ تعاون کمیٹی میں شرکت کرے گا۔